لاہور میں پی ٹی آئی کو ریلی کی اجازت،اسلام آباد میں انکار

May 06, 2023 | 08:59 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کو زمان پارک سے لکشمی چوک تک ریلی نکالنے کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مشروط اجازت مل گئی،  ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تحریک انصاف  کو ریلی کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ تاہم اسلام آباد انتظامیہ نے دارالحکومت میں ریلی کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ  کی جانب سے مختلف  شرائط  پرعمل درآمد کے لیے پی ٹی آئی سے یقین دہانی حاصل کرنے اور حلف لینے کے بعد ریلی کی اجازت دی گئی ہے۔

اجازت  نامے میں شامل شرائط میں کہا گیا ہے کہ ریلی کی اجازت سہ پہر 2بجے سے شام ساڑھے 7بجے تک ہو گی، ریلی  کی انتظامیہ پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی اور سیکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی۔

اجازت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ دوران ریلی عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی، بہتر سیکیورٹی  کے لیے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی ذمہ داران متعلقہ سیکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔

ٹریفک  کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، ریلی  کے دوران پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔ 
اجازت نامے میں  شامل مزید شرائط میں کہا گیا ہے کہ ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق  قانون کی پاسداری کی جائے گی،  پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں  گے نیز  پی ٹی آئی ریلی کے باعث کسی بھی جگہ یا  کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہ ہوگی۔

ریلی میں کارکنان کے ڈنڈے یا اسی طرح کی کوئی بھی شے لانے اور ریلی کے دوران کسی کے بھی جذبات و احساسات مجروح  کرنے کی ممانعت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکاء لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پرعمل کریں گے اور ریلی کے روٹ پر کسی بھی طرح  کی وال چیکنگ نہیں ہوگی۔ مزید برآں زبردستی کسی کو جلوس میں شامل  نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ریلی کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ پی ٹی آئی اسلام آباد کے چیئرمین کی کال پر 6 مئی کو وفاقی دارالحکومت میں ریلی کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے ضلعی انتظامیہ سے تحریری طور پر این او سی کی اجازت مانگی تھی جس میں ریلی زیروپوائنٹ سے شروع ہو کر اسلام آباد کے فاطمہ جناح پارک میں اختتام پذیر ہونی تھی۔

چونکہ اسلام آباد میں چین کے وزیر خارجہ اور ان کے وفود نے آنا ہے، لہٰذا ریلی کی وجہ سے وی آئی پی موومنٹ میں خلل پڑے گا۔ سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اسلام آباد میں سیکیورٹی تھریٹ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ماضی میں تحریک انصاف نے این او سی کی شرائط پر عمل نہیں کیا تھا اور سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا تھا، لہٰذا اس بار بھی خدشہ ہے کہ شرائط کی خلاف ورزی کی جائے گی۔ اس لئے اسلام آباد انتظامیہ ریلی کی اجازت نہیں دیتی۔ ڈی سی اسلام آباد نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔

مزیدخبریں