ایک نیوز: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی ہدایت پر ماہر تعلیم مزمل محمود کی سربراہی میں ن لیگ کا ٹیچرز ونگ قائم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیچرز ونگ کی کور کمیٹی کا پہلا اجلاس پاکستان مسلم لیگ ن مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت سابق صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما انوشہ رحمان نے کی۔
اجلاس میں صوبہ بھر سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے مختلف درجات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی، اس موقع پر اساتذہ نے اپنے اپنے متعلقہ تعلیمی شعبے میں موجود مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے فی الفور حل کی گزارشات پیش کیں۔اس موقع پرن لیگ ٹیچرز ونگ پنجاب کے سربراہ اور معروف ماہرِ تعلیم مزمل محمود نے تنظیم کے بنیادی مقاصد اور اساتذہ کو درپیش مسائل پر رپورٹ پیش کی۔