ایک نیوز :چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی جانب سے سبکدوش ہونے والے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیاگیا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا اعشائیے سے خطاب میں کہنا تھاکہ سینیٹ کی موجودہ مدت کے اختتام کے موقع پر میں آپ سب کا شکر یہ ادا کرتا ہوں۔میں آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آپ نے ثابت قدمی سے اس معزز ایوان کی کارروائی چلانے میں میرا ساتھ دیا۔ میں اپنے تمام سبکدوش ہونے والے اراکین کی خدمات کا خصوصی طور پر اعتراف کرتا ہوں۔مجھے یقین ہے کہ آپ کی کاوشیں اور گراں قدر خدمات نئے آنے والے اراکین کے لئے ایک قیمتی سرمایہ اور مشعل راہ ثابت ہوں گی۔ آپ کی انتھک محنت ملک خداداد پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔
صادق سنجرانی کاکہنا تھا کہ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، اپوزیشن لیڈرز بلخصوص پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر سینیٹر شیری رحمان، سینئر ساتھی راجہ ظفر الحق، شبلی فراز اور دیگر پارلیمانی پارٹیوں کے لیڈران کا بھی مشکور ہوں۔ ایوان میں مثبت رویے کا مظاہرہ کر کے اعلیٰ اقدار کو فروغ دیا اور ایوان کی کارروائی باہمی ہم آہنگی کے ساتھ بہتر انداز میں چلانے کے لئے تعاون کیا۔
چیئرمین سینیٹ کاکہنا تھاکہ سینیٹ کمیٹیوں کے چیئر پرسنز اور ممبران بھی خصوصی داد کے مستحق ہیں جنہوں نے بھر پور طریقے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔ایوان بالا کی انفرادیت اور وقار آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فہم و فراست اور سیاسی بصیرت کے مرہون منت ہے۔ آپ کی قیمتی آراء، قانون سازی اور سینیٹ کے بحث مباحثوں میں بھر پور شرکت اور کمیٹی اجلاسوں کے سفارشات نے سینیٹ کی کارروائی موثر بنانے کے ضمن میں کلیدی اور قابل تحسین کردار ادا کیا۔
صادق سنجرانی کاکہنا تھاکہ میں اس موقع پر اپنے معزز اراکین کا شکر یہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جمہوریت کی بقاء، پارلیمان کی بالا دستی اور علاقائی نا انصافیوں کے خاتمے کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر کاوشیں کیں۔ اراکین نے عوامی جذبات و احساسات اور قومی امنگوں کی موثر ترجمانی کی۔گزشتہ کئی سالوں سے ہمیں بحیثیت قوم بڑی آزمائشوں کا سامنا رہا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ ہم نے اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور مسائل کے حل لئے ایک ہو کر بے لوث اور باوقار طریقے سے کام کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کئی محاذوں پر نمایاں کامیابیاں بھی حاصل کیں ہیں۔میرے لیے یہ امر بھی باعث مسرت ہے کہ ہم نے سینیٹ کے اندرونی طریق ہائے کار اور قواعد کے ضمن میں مروجہ بین الاقوامی معیار کے مطابق خصوصی اصلاحات کیں ہیں۔
صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھاکہ پارلیمانی عمل کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرانے کے لئے سینیٹ نے ایک جامع خود احتسابی عمل کا آغاز کیاہے۔اس اقدام کا مقصد قانون سازی اور نگرانی کے عمل کی موثریت کو مزید بڑھانا ہے۔ پارلیمانی سفارتکاری کے محاذ پر بھی سینیٹ آف پاکستان نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پارلیمانی سفارتکاری کے حوالے سے ایک بہت بڑی کامیابی پاکستان میں آئی پی سی کا قیام ہے۔آئی پی سی کو اراکین و دیگر ساتھیوں کو ذاتی فنڈنگ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا ہے۔
صادق سنجرانی کاکہنا تھاکہ دنیا بھر کے پارلیمانی چیمبرز سے سینیٹ نے تعلقات استوار کئے ، جن کا مقصد باہمی مفادات کا تحفظ ، پارلیمانی عمل کو تقویت دینا اور پارلیمان کی استطاعت کار بڑھانا ہے۔اس ضمن میں ہم نے نیوزی لینڈ اور دیگر پارلیمنٹس کے ساتھ بین الپارلیمانی تعلقات کو مضبوط کیا۔ لیبیا کی پارلیمنٹ کے ساتھ بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ پاکستان میں معیار تعلیم بلند کرنے اور تعلیم کے فروغ کیلئے ایجوکیشن پارلیمنٹیرین کوکس کا قیام عمل میں لایاگیا۔ ایسے اقدامات اس امر کی غمازی کرتے ہیں کہ حقیقی تعلیم یافتہ معاشرے کے فروغ کے لئے ہم کس قدر پر عزم ہیں۔