بھٹو صدارتی ریفرنس میں سنگین غلطی کے اعتراف سے نئی روایت قائم ہوئی ،شہبازشریف

بھٹو صدارتی ریفرنس میں سنگین غلطی کے اعتراف سے نئی روایت قائم ہوئی ،شہبازشریف
کیپشن: Shehbaz Sharif ,prime minister of Pakistan

ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بھٹو صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی طرف سے سنگین غلطی کے اعتراف سے ایک نئی تاریخ اور ایک نئی روایت قائم ہوئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھٹو صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو سمیت پی پی قیادت کو مبارکباد دی۔ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاریخی غلطی کا ازالہ ممکن نہیں ہے، سنگین غلطی کے اعتراف سے ایک نئی تاریخ اور ایک نئی روایت قائم ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عدالت سے ہونے والی زیادتی کو عدالت کا درست کرنا مثبت پیش رفت ہے، بھٹوریفرنس میں سپریم کورٹ کی رائےتاریخ کو درست تناظرمیں سمجھنے میں مددگار ہوگی، ماضی کی غلطیوں کی درستگی، تلخیوں کے خاتمے سے قومی اتحاد اور ترقی کا عمل تیز ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بھٹو صدارتی ریفرنس میں رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا، سپریم کورٹ کی رائے متفقہ ہوگی، بھٹو کے ٹرائل میں بنیادی حق پر عمل نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا کام انصاف کی فراہمی ہے، تاریخ میں ایسے متعدد مقدمات ہیں جن میں درست فیصلے نہیں ہوئے، ماضی کی غلطیوں کے ازالے کے بغیر درست سمت میں نہیں جاسکتے۔