فواد حسن فواد کو بری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری 

فواد حسن فواد کو بری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری 
کیپشن: The written decision to acquit Fawad Hasan Fawad is issued

ایک نیوز : احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے فواد حسن فواد کو بری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری  کردیا۔

 تحریری فیصلے کے مطابق  استغاثہ فواد حسن فواد کے خلاف جرم ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہوا۔ عدالت فواد حسن فواد،  وقار حسین، رباب حسین اور انجم حسین کو باعزت بری کرتی ہے۔ استغاثہ کے 19 گواہ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کوئی شہادت نہیں دے سکے۔ نیب ایسی کوئی شہادت نہیں دے سکی جس سے فواد حسن فواد اور انکے خاندان پر کرپشن کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام ثابت ہو۔ 

 تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ قومی احتساب کے قانون کے تحت سرکاری فنڈز کا عنصر شامل کیے بغیر کرپشن ثابت نہیں ہو تی۔اس کیس میں تمام ٹرانزیکشن نجی نوعیت کی ہیں جس میں سرکاری فنڈز شامل نہیں۔ ایسی کوئی شہادت میسر نہیں جس سے فواد حسن فواد کا کرپشن کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا تعلق ثابت ہو۔وہ اثاثے جنہیں بے نامی کہا گیا۔ انکا فواد حسن فواد سے کوئی تعلق نہیں۔ریکارڈ میں ایسا کچھ نہیں کہ فواد حسن فواد نے اثاثے کرپشن یا غلط طریقے سے بنائے۔اس کیس کی تفتیش ٹھیک نہیں کی گئی۔