ایک نیوز: سابق صد آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سیاستدان جب تک جیل نہ جائے سنجیدہ سیاستدان نہیں بنتا۔یوٹرن لینا عمران خان کی خصلت ہے۔سیاستدانوں سے بات ہوسکتی ہے، عمران خان غیرسیاسی شخص ہے۔ اس سے بات چیت نہیں کرسکتے۔جس طرح پوری قوم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اسی طرح عدلیہ کو درست کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وہاڑی میں نواب پیلس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ضلع وہاڑی کا پہلا دورہ ہے، ذاتی تعلقات پہلے سے ہیں۔سیاسی تعلقات میں اضافہ کررہے ہیں۔الیکشن کا ماحول ابھی بنے گا اس کے بعد سیاسی فیصلے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوچ کہتی ہے الیکشن وقت پر ہوں گے۔مولانا فضل الرحمان کے الیکشن سے متعلق خدشات پر پی ڈی ایم اجلاس میں غور ہوگا۔ہم غصہ پینے کے عادی ہیں۔بلاول نوجوان ہے اس کو غصہ جلدی آجاتا ہے۔ڈیجیٹل مردم شماری پر سندھ کو اعتراضات ہیں۔پی ڈی ایم کیساتھ مل کر چل رہے ہیں لیکن اس کا حصہ نہیں۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ جیسے قوم کو ٹھیک کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔اب عدلیہ کو بھی سنبھالنا ہے۔ ہماری حکومت کے دور میں مہنگائی نہیں تھی۔ملازمین ، پنشنرز اور ججز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا۔ راجن پور کا الیکشن پی ٹی آئی نے مقبولیت کی بجائے مہنگائی کی وجہ سے جیتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے سوال پر سابق صدر نے کہا عمران خان کو گرفتار کرنا یا نہ کرنا وزیر داخلہ کا اختیار ہے۔ عمران خان عدالتوں کا سامنا کرتے ہوئے ڈرتا ہے۔سیاستدان نہ عدالتوں سے گھبراتا ہے نہ جیلوں سے۔ سیاستدان جب تک جیل نہ جائے سنجیدہ سیاستدان نہیں بنتا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں حالات کا پتہ تھا کہ معیشت کیسی ہے ، لیکن ملک بچانا تھا۔ ہم نے اقتدار میں آکر ملک کو بچایا۔ عمران خان ملک کے تمام ادارے فروخت کرنا چاہتا تھا۔ہم نے عمران خان کو کئی کاموں سے روکنا تھا ورنہ وہ ملک کو بیچ دیتا۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ یوٹرن لینا عمران خان کی خصلت ہے۔ عمران خان سے کیا بات کروں جو یوٹرن پر یقین رکھتا ہے۔ سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے بات ہوسکتی ہے، عمران خان غیرسیاسی شخص ہے۔سیاست میں جفاکشی کرنا پڑتی ہے۔ عمران خان جفاکشی کا عادی نہیں۔ عمران خان سے بات چیت نہیں کرسکتے۔
پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جاپان 10 بار دیوالیہ ہوا پھر کم بیک ہوا۔ ملک دیوالیہ ہونے سے ختم نہیں ہوتے۔ یہ ملک ہے پرائیویٹ کمپنی نہیں۔