اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حج پالیسی کی منظوری دیدی

Mar 06, 2023 | 18:20 PM

ایک نیوز :اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حج پالیسی کی منظوری دیدی۔وفاقی کابینہ کل حج پالیسی کی منظوری دے گی۔

وزارت مذہبی امور کی طرف سے حج پالیسی میں حج اخراجات کی مد میں 12 لاکھ روپے فی کس کی شرح سے رقم  تجویز کی گئی ہے۔رواں سال کےلئے حج اخراجات میں دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

حج پالیسی کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی 13 مارچ سے شروع ہوگی۔حجاج کرام کے لیے 9 کروڑ ڈالرز فراہم کیے جائیں گے ۔ رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔رواں سال نصف کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ حج کا 50 فیصد کوٹہ اسپانسر شپ اسکیم کے لیے مختص کیا جائے گا ۔

سرکاری اسکیم کے تحت کم و بیش 90 ہزار افراد میں سے 45 ہزار افراد اسپانسرشپ سکیم کے تحت حج کر سکیں گے۔اسپانسر شپ سکیم کے تحت حج کرنے کے خواہشمند افراد کو اپنے عزیز و اقارب کے ذریعے بیرون ملک سے غیر ملکی کرنسی میں حج اخراجات ادا کرنا ہوں گے۔

پالیسی کے مطابق شمالی علاقوں کے لیے حج پیکیج 11 لاکھ 75 ہزار ،جنوبی علاقوں کے لیے حج پیکیج 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہوگا ۔

پاکستان سے حج اخراجات ادا کرنے والے کسی شہری سے غیر ملکی کرنسی وصول نہیں کی جائے گی۔وزارت مذہبی امور کو اسپانسر شپ سکیم کے تحت پونے تین سو ملین ڈالرز وصول ہونے کی توقع ہے۔

وزارت خزانہ نے حج اخراجات کی مد میں وزارت مذہبی امور کو سو ملین ڈالر تک کے انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے پاکستانیوں کو اپنے ساتھ فی کس  تین ہزار ریال تک لے جانے کی اجازت ہوگی۔

پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کرنے والوں کے لئے اخراجات 12 لاکھ سے 40 لاکھ روپے فی کس تک کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ڈالر بحران کے پیش نظر اس بار وزارت مذہبی امور پرائیویٹ حج آپریٹرز کو بھی سپانسرشپ سکیم کی ترغیب دے گی۔سکیم کے تحت بھی بیرون ملک سے عزیز و اقارب کے ذریعے  ڈالرز میں ادائیگیاں کر کے 45 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔

مزیدخبریں