دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی کا جوڈیشل ریمانڈ

Mar 06, 2023 | 16:28 PM

 ایک نیوز :  بھارت کے دارالحکومت دہلی کی ایکسائز پالیسی کیس میں راؤس ایونیو کورٹ نے دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آپ لیڈر منیش سسودیا کو 20 مارچ تک  جوڈیشل ریمانڈ پر  جیل بھیج دیا ہے ہندو تہوار ہولی اب منیش سودیا جیل میں منائیں گے۔

 رپورٹ کے مطابق دہلی کی راؤس ایونیو عدالت نے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو پیر کو 14 دن کے لیے  جوڈیشل ریمانڈ پر جیل  بھیج دیا۔ اب اسے 20 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس سے پہلے 4 مارچ کو ان کی سی بی آئی تحویل دو دن کی بڑھا دی گئی تھی جس کی مدت آج ختم ہو رہی  تھی۔ خصوصی جج ایم کے ناگپال نے ایجنسی کو عام آدمی پارٹی لیڈر کو پیر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔

سی بی آئی نے سسودیا کو دہلی ایکسائز پالیسی معاملہ میں جانچ میں مبینہ طور پر تعاون نہیں کرنے اور تفتیشی اہلکاروں کے سوالات سے بچنے کے الزامات میں 26 فروری کو گرفتار کیا تھا ۔ ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے ہفتہ کو سسودیا کی حراست چھ مارچ تک بڑھا دی تھی۔

منیش سسودیا نے گزشتہ 28 فروری کو اروند کیجریوال کی قیادت والی کابینہ سے استعفی دیدیا تھا۔ افسران کے مطابق ایجنسی سسودیا کی حراست کا استعمال ایکسائز پالیسی پر خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر قانونی رائے والی اہم لاپتہ فائل کا پتہ لگانے کیلئے کرنا چاہتی ہے، جس کا ابھی تک پتہ نہیں لگایا جاسکا ہے ۔

سوربھ بھاردواج نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ منیش سسودیا کو سی بی آئی کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا ہے اور ان پر ان کے خلاف جھوٹے الزامات والے دستاویز پر دستخط کرنے کیلئے دباو ڈالا جارہا ہے ۔ سی بی آئی کے پاس سسودیا کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ انہوں نے کبھی بھی کسی ثبوت کے غائب ہونے کا ذکر نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، لیکن انہیں کچھ نہیں ملا ۔

سی بی آئی کے وکیل نے کہا، ’’ہم مزید سی بی آئی ریمانڈ نہیں مانگ رہے ہیں، لیکن ہم اس کی اگلے 15 دنوں میں مانگ کر سکتے ہیں۔‘‘دہلی کی ایکسائز پالیسی کیس میں راؤس ایونیو کورٹ نے دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آپ لیڈر منیش سسودیا کو 20 مارچ تک عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے

مزیدخبریں