ایک نیوز: پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کے پائلٹس نے تنخواہوں پر ٹیکس کے خلاف استعفے دینا شروع کردیئے ہیں۔ اب تک 2 درجن سے زائد پائلٹس استعفے جمع کراچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن میں انکشاف ہوا ہےکہ پی آئی اے کے پائلٹس نے تنخواہوں پر 35 سے 40 فیصد تک ٹیکس کے خلاف بڑی تعداد میں مستعفی ہونا شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پی آئی اے نے پائلٹس کی تنخواہوں پر 35 سے 40 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے جس کے تحت 8 لاکھ تنخواہ لینے والے پائلٹ کو ساڑھے 3 لاکھ روپے اضافی ٹیکس ادا کرنا پڑرہا ہے۔
رکن کمیٹی سائرہ بانو نے کہا کہ دو درجن سے زائد پائلٹس نے استعفے دے رکھے ہیں جنہیں منظور نہیں کیا جارہا، پی آئی اے کے جہازوں کا حالیہ ڈیلے بھی پائلٹس کی کمی کے سبب ہے۔
پی آئی اے حکام نے قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن میں استعفوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پائلٹس کے استعفے موصول ہوئے ہیں جس پر حکومت نے پی آئی اے میں 250 نئے پائلٹ بھرتی کرنے کے لیے خط لکھا ہے۔
پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر نے بتایا کہ حکومت نے پائلٹس کی نئی بھرتیوں پر تاحال جواب نہیں دیا، سپریم کورٹ نے پی آئی اے میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کررکھی ہے۔