ایک نیوز : سی بی آئی کا بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کے گھرپر چھاپا، اہم دستاویزات کی تلاش کے لئے چھان بین، یہ کارروائی زمین کے بدلے نوکری دینے کے معاملے میں کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زمین کے بدلہ نوکری دینے کے گھوٹالہ کیس میں ملزم سابق وزیر ریل اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو ، رابڑی دیوی ، میسا بھارتی سمیت دیگر کو دہلی کی ایک عدالت نے سمن جاری کیا تھا ۔ دہلی کی راوز ایوینیو کورٹ نے سی بی آئی کے ذریعہ داخل چارج شیٹ پر نوٹس لیتے ہوئے سمن جاری کیا ہے ۔ اس معاملہ میں عدالت نے 15 مارچ کو سبھی ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے ۔ چارج شیٹ میں سی بی آئی نے لالو پرساد کے علاوہ رابڑی دیوی اور 14 دیگر کو ملزم بنایا ہے۔
سی بی آئی کو جنوری میں زمین کے بدلے نوکری گھوٹالہ کے سلسلہ میں سابق وزیر ریل لالو پرساد یادو کے خلاف مقدمہ چلانے کیلئے مرکز کی منظوری ملی تھی ۔ سی بی آئی نے پچھلے سال سات اکتوبر کو لالو پرساد یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور 14 دیگر کے خلاف ریلوے میں مبینہ تقرری کے بدلے میں لالو کے کنبہ کے اراکین کو زمین تحفہ میں دینے یا فروخت کرنے کو لے کر چارج شیٹ داخل کی تھی۔ حالانکہ چارج شیٹ کا نوٹس لیا جانا زیر التوا تھا ۔