خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد  کیلئے کمیٹیاں تشکیل  

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد  کیلئے کمیٹیاں تشکیل  
کیپشن: Formation of committees to implement the recommendations of the Special Investment Facility Council

ایک نیوز: خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سفارشات پر  جلد عملدرآمد  کیلئے وزیراعظم شہبازشریف نے دو اہم کابینہ کمیٹیاں تشکیل دے دیں  ۔   

تفصیلات کے مطا بق دونوں کمیٹیوں کے سربراہ وزیر اعظم شہباز شریف خود ہونگے  ۔کابینہ کمیٹی برائے ایس آئی ایف سی میں   آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شامل   ہونگے ۔دوسری کابینہ کمیٹی سمندر پار پاکستانیوں اور تکنیکی تعلیم سے متعلق ہوگی  ۔  رُولز آف بزنس 1973ء کے رول نمبر (2)17 کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے ایس آئی ایف سی کابینہ کمیٹی کے قیام کا حکم نامہ جاری   کردیا۔ اس کمیٹی کے چیئرمین وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ہوں گے ۔  

وزیر خزانہ کے علاوہ ایس آئی ایف سی  کے تمام ترجیحی شعبوں کے وزراء شامل ہوں گے ۔ آرمی چیف، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور نیشنل کوآرڈینیٹر خصوصی دعوت کے ذریعے شریک ہوں گے ۔ کمیٹی کا مقصد ایس آئی ایف سی کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے تمام حل طلب سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کرنا ہے ۔ 

اس ضمن میں ایس آئی ایف سی   کمیٹی کو  سیکریٹریئل  حمایت فراہم کرے گی اور کمیٹی تمام فیصلے وفاقی کابینہ کو توثیق کے لئے پیش کرے گی ۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے امیگریشن، اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے لیے کابینہ کی ایک اور کمیٹی تشکیل دے دی ہے  ۔ 

وزیراعظم 8 رکنی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل، وزیر تعلیم و تربیت، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، وزیر صحت، وزیر صنعت و پیداوار اور وزیر تجارت شامل ہیں ۔ 

نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی، گورنر اسٹیٹ بینک، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو ٹیک اور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ضرورت پڑنے پر خصوصی اجلاسوں کیلئے مدعو کیا جائے گا ۔ یہ کمیٹی بیرون ملک ملازمتوں اور تکنیکی تربیت سے متعلق تمام سرکاری اداروں  کیلئے   ایک مرکزی فورم کے طور پر کام کرے گی اور تکنیکی تربیت سے متعلق پالیسیوں کا جائزہ لے گی اور ساتھ ہی سٹیک ہولڈرز کو درپیش مسائل حل کرے گی کمیٹی پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے لیے نگرانی اور تشخیص کے فریم ورک کی منظوری دے گی  ۔ 

کمیٹی فنی تربیت کے اداروں کے نصاب  کیلئے  رہنما اصول، پیشہ ور اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پروگرام، غیر قانونی امیگریشن، انسانی وسائل کی سمگلنگ اور ہنر مند کارکنوں کے استحصال کے خاتمے  کیلئے  منصوبہ بندی کرے گی ۔ کمیٹی بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مشغول ہونے  کیلئے  ایک ایکشن پلان بھی تیار کرے گی ۔

 ایس آئی ایف سی  ایک اہم فیصلہ سازی کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے  جس کا مقصد معیشت  کیلئے ضروری اصلاحات کو آگے بڑھانا ہے  ۔