لاہور میں موسلادھاربارش،ژالہ باری،3بچےزخمی،11بکریاں ہلاک

لاہور میں موسلادھاربارش،ژالہ باری،3بچےزخمی،11بکریاں ہلاک
کیپشن: Heavy rain, hail, 3 children injured, 11 goats killed in Lahore

ایک نیوز:لاہور میں موسلادھاربارش زحمت ثابت ہوئی۔دیوار گرنے سے 3بچے زخمی،تین گاڑیاں تباہ جبکہ کرنٹ لگنےسے گیارہ بکریاں مرگئیں۔

تیز آندھی اور ژالہ باری سے درخت اکھڑ گئے ۔ نشیبی علاقے زیرآب آگئے، راوی روڈ پر دیوارگرنےسےتین بچے زخمی ہو ئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں شام کے وقت آسمان پر کالی گھٹائیںچھا گئیں اوردیکھتے ہی دیکھتے ایسے برسیں کے جل تھل ایک کردیا، موسلادھار بارش کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہو گیا وہیں رحمت کی صورت میں برسنے والی بارش زحمت بھی ثابت ہوئی، اس دوران تیز آندھی کے باعث درخت گرنے سے پارکنگ میں کھڑی تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

 گڑھی شاہو کے علاقے میں بارش کا پانی کھڑا ہونے اور کرنٹ لگنے سے گیارہ بکریاں ہلاک ہو گئیں جبکہ راوی روڈ کے علاقہ میں تیزآندھی کے باعث سکول کی دیوارگرنے سے گلی میں کھیلتے تین بچے زخمی ہو گئے۔

لاہورمیں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں اکسٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ کئی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو متحرک رہنے اورنکاسی آب کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے عملے کو فیلد میں موجود رہنے کی ہدایات جاری کر دی۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تاہم پی ڈی ایم اے کی جانب سے واسا سمیت متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔