ایک نیوز :سائنسدانوں نے دنیا کے سب سے بڑے پودے کی آواز ریکارڈ کرلی جو رونگٹے کھڑے کردے گی
امریکا ریاست یوٹاہ کے فش لیک نیشنل فاریسٹ میں دنیا کا سب سے بڑا پودا Pando ٹری موجود ہے۔
سرسری نظر میں وہاں متعدد درختوں پر مشتمل ایک جنگل نظر آتا ہے مگر 2008 میں سائنسدانوں نے تصدیق کی تھی کہ 40 ہزار یا اس سے زائد تنے بنیادی طور پر ایک ہی جڑ کے نظام سے منسلک ہیں اور جینیاتی طور پر ایک جیسے ہیں۔آسان الفاظ میں یہ ایک بہت بڑا پودا ہے جو 103 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
اب پہلی بار سائنسدانوں نے Pando ٹری کی آواز کو ریکارڈ کیا ہے جو رونگٹے کھڑے کر دینے والی ہے۔مونٹانا اسٹیٹ یونیورسٹی سے ساؤنڈ ڈیزائن جیف رائس نے یہ آواز ریکارڈ کی۔
انہوں نے 2022 میں اس پراجیکٹ پر کام کیا اور متعدد مائیکرو فونز کی مدد سے اس مقام کی مختلف آوازوں کو ریکارڈ کیا۔مگر جس آواز نے انہیں سب سے زیادہ متاثر کیا وہ اس پودے کی جڑوں کی تھی۔اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک خصوصی مائیکرو فون ایک تنے کی جڑ کے پاس نصب کیا۔اس مائیکرو فون کے ذریعے جیف رائس نے اس پودے کی سکون پہنچانے والی آواز کو ریکارڈ کیا جو ان کے خیال میں تنوں کے درمیان ارتعاش کے باعث پیدا ہو رہی تھی۔
جیف رائس کے مطابق اس ریکارڈنگ سے اس پودے کے چھپے ہوئے ہائیڈرولک سسٹم، جڑ کی گہرائی اور دیگر تفصیلات کو جاننے کا موقع ملے گا۔ان کی ریکارڈنگ کو جنوری 2024 میں ایک نمائش میں بھی استعمال کیا جائے گا۔