ایک نیوز : پیپلز پارٹی نے چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے ذکاء اشرف کا نام تجویز کر دیا جبکہ نجم سیٹھی کو توسیع دئیے جانے کی مخالفت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے ذکاء اشرف کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت ہمارے پاس ہے تو پی سی بی کا سربراہ تعینات کرنے کا حق بھی ہمارا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے لیے ایک بار پھر جنگ شروع ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف کو آگاہ کر دیا ہے۔ موقف اختیار کیا ہے کہ وزارت ہمارے پاس ہے تو پی سی بی کا سربراہ تعینات کرنے کا حق بھی ہمارا ہے۔ پیپلزپارٹی نے ذکاء اشرف کا نام تجویز کیا ہے۔ ذکاء اشرف پہلے بھی چیئرمین پی بی سی رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بھی نجم سیٹھی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو مزید توسیع دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کمیٹی کو 4 ماہ میں علاقائی (ریجنز) انتخابات کروانے اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے کا ٹاسک سونپا گیا تھا تاہم 6 ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود ٹاسک مکمل نہیں کیا جا سکا۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ایشیاء کپ پاکستان میں منعقد کروانے کے حوالے سے لابنگ میں ناکامی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔