بجٹ 2023/24: آئی ٹی کے شعبہ پر بڑا کٹ، وزیراعظم کا فکسڈ ٹیکس رجیم لانے کا فیصلہ

Jun 06, 2023 | 15:21 PM

ایک نیوز: وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے اعلی سطح اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں وزیراعظم نے فکسڈ ٹیکس رجیم لانے کا بڑا فیصلہ کرلیا۔  

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے فکسڈ ٹیکس رجیم کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے اور اسے فوری سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ وزیراعظم نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ٹی کے شعبے کے لئے بڑے پیکج کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔ آئی ٹی کے شعبے میں نیا کاروبار شروع کرنے والوں کو خصوصی مراعات دینے کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔ 

اجلاس میں جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے ذریعے کاروبار اور تجارت کے فروغ پر خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوجوانوں کے اپنا کاروبار شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوجوانوں کو آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہنرمند بنانے کے پروگرام میں بڑی توسیع کے خصوصی پروگرام کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ 

وزیراعظم نے خصوصی ٹریننگ آئی ٹی زونز بنانے کے بڑے فیصلے کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ٹی سے متعلقہ سفارشات کو شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آئی ٹی کے شعبے میں بجٹ سفارشات کی منظوری سے لاکھوں کی تعداد میں نیا روزگار پیدا ہوگا۔ 

وزیراعظم نے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں نئی کمپنیوں کی تشکیل کے لئے خصوصی راہنمائی اور سرکاری مدد فراہم کرنے کے اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی بیرون ملک آئی ٹی سیکٹر کے روڈ شوز منعقد کرنے اور اس شعبے میں سہولیات سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں آئی ٹی کے شعبے سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز شریک تھے۔

مزیدخبریں