ایک نیوز : مسلح افراد کی فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر جاں بحق ، سابق وزیراعظم کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے ، ورثا کا موقف
ایڈووکیٹ عبدالرزاق شر سابق وزیراعظم کےخلاف سنگین غداری کیس میں پٹیشنرتھے عبدالرزاق نے سابق وزیر اعظم کے خلاف ہائی کورٹ میں آرٹیکل 6 کی درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔
پولیس کے مطابق عبدالرزاق شر کو کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ پر عاق چوک کے قریب گھر سے عدالت جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
سر اور سینے میں گولیاں لگنے سے ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔
ایس پی شفقت جنجوعہ کا کہنا ہے کہ ورثا پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی سول اسپتال سے لاش اپنے ہمراہ لے کر چلے گئے۔
وزیراعلی ٰبلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلی کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیکر فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
دوسری جانب بلوچستان بار کونسل نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا ہے، واضح رہے کہ عبدالرزاق کی درخواست پر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کی درخواست پر سماعت 7 جون کو ہونا تھی، لواحقین کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق کے قتل کا مقدمہ چیئر مین پی ٹی آئی کیخلاف کرائیں گے۔