یوکرائن میں بمباری سے ڈیم تباہ، بڑی تباہی کا خطرہ

Jun 06, 2023 | 14:50 PM

 ایک نیوز : یوکرین نے الزام عائد کیا ہے کہ روس کی افواج نے ایک بڑے ڈیم کو تباہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں نشیبی آبادی کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
 رپورٹ کے مطابق منگل کو یوکرینی حکام نے بتایا کہ روس کے زیرِقبضہ جنوبی یوکرین کے ایک بڑے ڈیم اور ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن کو تباہ کر دیا گیا ہے۔یوکرین کے حکام نے ڈیم ٹوٹنے سے خطرے میں آنے والی آبادی کو فوری علاقہ خالی کرنے کے لیے کہا ہے۔
دوسری جانب روسی حکام نے کہا ہے کہ کاخووکا ڈیم کو یوکرین کی فوج نے حملے میں تباہ کیا ہے۔
ڈیم ٹوٹنے سے کئی اثرات ہو سکتے ہیں جن میں گھروں، گلیوں اور کاروبار کا زیرِآب آنا، زیرزمین پانی کی سطح گرنا، یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کو ٹھنڈا رکھنے میں مشکلات کے علاوہ روس کے زیرِکنٹرول کریمیا میں پینے کے پانی کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کو 16 ماہ گزر چکے ہیں اور ڈیم کی تباہی سے اب یہ جنگ ایک نئے اور پیچیدہ مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔
روس سے قبضہ چھڑانے کے لیے یوکرین کی افواج جوابی حملے کر رہی ہیں اور ملک کے مشرق اور جنوب میں جنگی محاذ پر ایک ہزار کلومیٹر کے علاقے میں جنگی کارروائی پھیل گئی ہے۔
یوکرین کے نیوکلیئر محکمے ’انرگوایٹم‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈیم ٹوٹنے کے ’ژاپوریژیا ایٹمی پاور پلانٹ پر منفی اثرات ہوں گے تاہم اس وقت صورتحال قابو میں ہے۔‘
اقوام متحدہ کی ایٹمی ایجنسی نے ٹویٹ کیا ہے کہ اُس کے ماہرین یوکرین کے پاور پلانٹ میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ’فوری طور پر کسی خطرے کی بات نہیں۔‘
 

مزیدخبریں