حکومت نے ایک سال میں کتنا قرضہ لیا ، سٹیٹ بنک نے اعداد وشمار جاری کردیئے

Jun 06, 2023 | 02:00 AM

کراچی:اسٹیٹ بینک نے اندرونی اور بیرونی قرضوں کے اعداد و شمار جاری کر دیئے، اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے ایک سال میں ریکارڈ قرضہ لیا۔

اسٹیٹ بنک کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک سال کے دوران 14 ہزار 9 سو ارب روپے کا قرضہ لے کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔رپورٹ کے مطابق اپریل 2022 میں ملک پر مجموعی قرض کا حجم 43 ہزار 705 ارب روپے تھا جو اپریل 2023 میں غیر معمولی طور پر بڑھ کر 58 ہزار 599 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ یعنی 41  ارب روپے یومیہ قرض لیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے ایک سال میں مجموعی ملکی قرض کا 34 فیصد قرضہ لیا اور صرف رواں سال اپریل میں ایک ہزار 476 ارب روپے کے ریکارڈ قرضے لیے گئے۔ اپریل میں بیرونی قرضے نہ ملنے کے باعث 99 فیصد قرضے مقامی ذرائع سے لیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال میں ملک پر واجب الادا بیرونی قرض 7 ہزار 259 اب روپے یعنی 49 فیصد بڑھ کر 22 ہزار 50 ارب روپے ہو گیا اور اسی طرح ایک سال کی مدت میں اندرونی قرض 7 ہزار 635  ارب روپے یعنی 34 فیصد بڑھ کر 36 ہزار 549 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔

مزیدخبریں