ویب ڈیسک:پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا ،یکم محرم الحرام 1446 ہجری 8 جولائی بروز پیر کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کے مطابق یکم محرم الحرام 8 جولائی بروز پیر کو ہوگی اور یوم عاشور 10 محرم الحرام 17 جولائی بروز بدھ کو ہوگا۔
اس موقع پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر ایک کے عقیدت کا احترام کرنا ہے، کوئی مجلس، کوئی جلوس، کوئی محفل کا انعقاد کر کے اپنے عقیدت کا اظہار کرتے ہیں ، حضرت محمد مصطفی ﷺنے فرمایا کہ امام حسن ؓاور امام حسین ؓجنت کے سردار ہیں، ہمیں محرم الحرام کے دوران سیکورٹی اداروں کا ساتھ دینا ہوگا۔