ایک نیوز:عوام پاکستان کے نام سے نئی سیاسی جماعت لانچ کردی گئی، عوام پاکستان پارٹی کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ملک میں اس وقت سیاسی و معاشی استحکام نہیں ہے حکمرانوں کو اس بات کی کوئی پروا نہیں ہے، پاکستان میں دو کروڑ 60 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں ہماری برآمدات کم ہو رہی ہیں، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے جو ملک دودھ پر ٹیکس لگا دے وہ کیا کرے گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ نے عوام کی بھلائی کی کوئی بات نہیں کی جو صاحب اختیار ہیں وہ خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ،ان حالات میں بھی ہم معمول کے مطابق نظام چلانا چاہتے ہیں، ہم سے پوچھا گیا کہ پاکستان میں 170 پارٹیاں ہیں آپ کیوں پارٹی بنا رہے ہیں؟عوام پاکستان ایک غیر روایتی جماعت ہے پاکستان میں جماعتیں مخصوص مقاصد کیلئے بنتی ہیں ہم نے اب تک کسی کو شمولیت کی دعوت نہیں دی اب ہم نکلیں گے اور لوگوں کو اپنے ساتھ آنے کی دعوت دیں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں احساس ہے کہ یہ ایک مشکل سفر ہے جب سیاست صرف اقتدار کی رہ جائے تو ایسی جماعت کا حصہ رہنا ممکن نہیں ہوتا ، سیاسی جماعت اقتدار کے حصول کی کوشش کرتی ہے لیکن فارم 47 کی بنیاد پر نہیں مجھ سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ کی پارٹی کا نظریہ کیا ہے ہمارا نظریہ اسلام، پاکستان اور عوام کی خدمت ہے۔
عوام پاکستان پارٹی کی لانچنگ تقریب سے مفتاح اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ نظام پاکستانیوں کو آگے بڑھنے نہیں دیتا،ہم چاہتے تو وزارتیں لے سکتے تھے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس وزارت کا کیا فائدہ جس سے آپ بہتری نہ لا سکیں،ہم دنیا کے کئی ممالک سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں،پاکستان کا موجودہ نظام ظالمانہ اور شکاری ہے،حکومت شکاری اور عام عوام شکار ہیں،پاکستان کا نظام صرف اشرافیہ کے کام آتا ہے،یہ نظام بدلنے کے لئے نئی سیاسی پارٹی بنائی ہے،قائد اعظم نے اس لئے ملک نہیں بنایا تھا کہ ہم بھوک کا شکار رہیں۔
سیکرٹری جنرل عوا م پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کیا ایسٹ انڈیا کمپنی چلا رہی ہے،آپ جتنی بھی تنخواہ لیں اس پر ٹیکس لاگو کر دیا گیا،آپ کی 200ایکڑ زرعی اراضی ہے لیکن آپ پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا،یہ برابر کا نظام نہیں ہے،10کروڑ پاکستانی آج خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، پاکستان کا یہ نظام ایسا ہے کہ 40 فیصد عوام کو غربت کی لکیر سے بھی نیچے رکھا ہوا ہے ،پاکستان میں 2 کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں،پاکستان میں کسی حکومت نے غربت اور جہالت کا خاتمہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو مایوس ہوتا نہیں دیکھ سکتے،ہم نے 76سالوں میں ملک کے نوجوانوں کو کیا دیا؟ عوام پاکستان پارٹی میں کوئی بھی عہدیدار 2سال سے زیادہ عرصہ نہیں رہے گا، عوام پاکستان پارٹی ہر سطح پر میرٹ کا نفاذ یقینی بنائے گی،ہمارا پہلا منشور ہر پاکستانی کو آگے بڑھنے کا موقع دینا ہے، عوام پاکستان پارٹی میں سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملیں گے،جب تک ہر پاکستانی کو آگے بڑھنے کا موقع نہیں ملے گا نظام نہیں بدلے گا،اسلام آباد:پاکستان تعلیم کے شعبے میں تیسری دنیا کے ممالک سے بھی پیچھے ہے،ہر پاکستانی کو اچھی تعلیم دینا ضروری ہے،ہر10میں سے 4بچے پاکستان میں جسمانی اور ذہنی طور پر کمزور ہیں ،ریاست کا کام ہے کہ بچے کو اچھی غذا اور تعلیم مہیا کرے۔