ایک نیوز: ایران کے صدارتی انتخاب کے رن آف مرحلے میں ووٹنگ مکمل ہو گئی، مسعود پزشکیان ایران کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسعود پزشکیان نے ایک کروڑ 60لاکھ ووٹ حاصل کیے ،سعید جلیلی نے ایک کروڑ 30 لاکھ ووٹ حاصل کیے، 3کروڑ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
ایرانی الیکشن ہیڈکوارٹر کیجانب سے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے نتائج کا اعلان کیا گیا ، جس کے مطابق3کروڑ افراد نے الیکشن میں ووٹ ڈالے،مسعود پزیشکیان نے30لاکھ ووٹوں سے سعید جلیلی کا شکست دی ہے۔
پہلے صدارتی انتخابی مرحلے میں مسعود پزیشکیان کو 42.4 فیصد ووٹ ملے تھے جبکہ انکے قریب ترین حریف امیدوار قدامت پسند سیاسی رہنما سعید جلیلی تھے، جنہیں 38.6 فیصد تائید حاصل ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ28 جون کو ایران میں صدارتی انتخاب منعقد ہوئے تھے ، تاہم انتخاب میں کوئی بھی امیدوار مطلوبہ 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کر سکا جس کے بعد پانچ جولائی کو صدارتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
یہاں یہ بات بہت اہم ہے کہ شیڈول کے تحت صدارتی انتخاب 2025 میں ہونا تھامگرایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد انتخابات قبل ازوقت منعقد کروانا پڑے، حادثے میں وزیر خارجہ امیر حسین اور دیگر 6 ایرانی عہدیدار بھی جاں بحق ہوئے تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں،امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاک - ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ہم خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔