پاکستان کی بین الاقوامی محاذ پر بڑی کامیابی

Jul 06, 2023 | 20:08 PM

ایک نیوز :بین الاقوامی محاذ پر پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں اہم کامیابی مل گئی، کشن گنگا ڈیم پر بین الاقوامی فورم’ پرماننٹ کورٹ آف آربیٹریشن ، پی اے سی نے بھارت کا مؤقف مسترد کر دیا۔
کشن گنگا ڈیم کے ڈیزائن پر اعتراض کرتے ہوئے پاکستان نے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر بھارت نے اعتراض عائد کیا تھا کہ یہ معاملہ بین الاقوامی ثالثی عدالت کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔پی اے سی نے پاکستان کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے بھارت کا اعتراض مسترد کر دیا۔بین الاقوامی ثالثی فورم (پی اے سی) کشن گنگا ڈیم کے ڈیزائن کے خلاف پاکستان کی درخواست پر میرٹ پر سماعت کرے گا۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ کشن گنگا ڈیم کا ڈیزائن سندھ طاس معاہدے کے خلاف ہے۔ کشن گنگا ڈیم کے ساتھ پاکستان نے کشن گنگا دریا پر بھارت کے رینٹل ہائیڈرو پاور پلانٹ کے خلاف بھی رجوع کر رکھا ہے۔
کشن گنگا ڈیم  بھارت کا ایسا منصوبہ ہے جسے اس کے اصل ڈیزائن کے مطابق مکمل کرلیا گیا تو پاکستان کے لئے سنگین نقصانات کا سبب بن سکتا ہے۔ اس بناء پر پاکستان نے اس معاملے میں بین الاقوامی ثالثی عدالت سے رجوع رکھا ہے اور ڈیم کے ڈیزائن پر اعتراض کیا ہے۔
بھارت دریائے نیلم پر 330میگاواٹ پن بجلی منصوبہ تعمیر کر رہا ہے۔ کشن گنگا پن بجلی منصوبے کی تعمیر سے دریائے نیلم کے پانی کا رخ موڑ دیا جائے گا۔
بھارت کے اس پروجیکٹ کے خلاف پاکستان نے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا، پاکستانی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بانڈی پورہ میں دریائے کشن گنگا (دریائے نیلم ) کا رخ موڑنے اور پاور ہاؤس کا گیٹ نچلی سطح پر نصب کرنے کو طاس سندھ معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے منصوبہ ختم کرنے یا اس کا ڈیزائن تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزیدخبریں