ایک نیوز :پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیرانسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف تحریک پیش کردی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیرصدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر بحث کے لئے تحریک پیش کی گئی۔ تحریک وزیر انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے پیش کی۔
پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سوئیڈن واقعے کی پرزور مذمت کرتا ہے، سوئیڈن واقعہ پر دنیا میں بسنے والے تمام مسلمان دکھی ہیں، ایسی مذموم حرکتوں کے خاتمے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، اور چاہتے ہیں کہ کوئی بھی ہم پر انگلی نہ اٹھائے، اسلام کے خلاف جان بوجھ کر آگ بھڑکائی جارہی ہے، اور دنیا میں مسلمان اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہو رہی ہے۔
پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے رہنما شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ آج کی بحث ہر قسم کی تفریق سے بالاتر ہے، ہماری ایک شناخت ہمارا دین اور ہمارا مسلمان ہونا ہے۔
شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ سویڈن میں انتہائی شرمناک مثال ہم نے دیکھی، اور اس حرکت کی پوری دنیا میں شدید مذمت ہوئی ہے، او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھی بھرپورمذمت کی گئی۔