شوہرکی کمائی سے افسر بننے والی اہلیہ کی بیوفائی کی کہانی

شوہرکی کمائی سے افسر بننے والی اہلیہ کی بیوفائی کی کہانی

ایک نیوز: بھارت میں اتر پردیش حکومت کی ایک اعلیٰ بیوروکریٹ جیوتی موریہ کی چونکا دینے والی کہانی سوشل میڈیا پرٹرینڈ کررہی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق بریلی کی سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پر بدعنوانی کے ساتھ ساتھ اپنے شوہر آلوک ورما کو دھوکہ دینے کا الزام ہے ۔ آلوک ورما نے اپنی بیوی کی تعلیم کے لیے مالی اعانت کے علاوہ بھرپور تعاون کیا جس سے جیوتی کو سول سروس کا امتحان پاس کرنے میں مدد ملی۔

اسکینڈل کیا ہے؟
جیوتی موریہ کی شادی بریلی کے رہنے والے آلوک ورما کے ساتھ 2010 ہوئی جو ریاست کے پنچایت راج ڈیپارٹمنٹ میں صفائی ملازم ہیں۔ جیوتی اپنی تعلیم کو آگے بڑھانا چاہتی تھی اور ریاستی سول سروس کا امتحان پاس کرکے سول سرونٹ بننے کا خواب دیکھتی تھی۔جیوتی کے شوہر اور سسرال والوں نے اس کے خوابوں کی حمایت کرتے ہوئے پڑھائی کا خرچ اٹھایا اور  اس نے2015 میں پی سی ایس کا امتحان پاس کیا اور ایس ڈی ایم بریلی تعینات ہوگئی۔

جیوتی نے 2015 میں جڑواں بچیوں کو جنم دیا تھا اور ان کے شوہر کے مطابق یہ جوڑا 2020 تک خوشی خوشی زندگی گزار رہا تھا لیکن جلد ہی حالات بدل گئے جب آلوک کو علم ہوا کہ جیوتی کی کسی افسرکے ساتھ دوستی ہے اور وہ اسے دھوکہ دے رہی ہے۔

اس انکشاف نے آلوک کو حیرت میں ڈال دیا کیونکہ وہ اپنی بیوی کی اعلٰی تعلیم مکمل کرنے اور سرکاری ملازم بننے کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے سالوں سے شدید محنت کر رہا تھا۔ یہاں تک کہ اس نے پڑھائی کیلئے جیوتی کو پریاگ راج کے ایک اہم کوچنگ سینٹر میں بھی داخل کروایا تھا لیکن کامیابی سے ہمکنار ہونے کے بعد جیوتی نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو دھوکہ دیا۔

آلوک ورما نے اپنی اہلیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی تعلقات کو ختم کرے تاکہ وہ پھر سے ایک ہوجائیں لیکن ایس ڈی ایم نے مبینہ طور پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اور شوہر اور سسرال والوں پر جہیز کا مطالبہ کرنے کا الزام لگایا جس کی وجہ سے آلوک کو اپنی نوکری سے بھی ہاتھ دھونے پڑے۔

آلوک نے جیوتی کی ڈائری بھی میڈیا کے سامنے پیش کی ہے جس میں مبینہ طور پرکرپشن کے ثبوت ہیں۔ ان سے عندیہ ملتا ہے کہ خاتون نے بطور سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ 2019 سے 2022 تک بطور ایس ڈی ایم ماہانہ 6 لاکھ روپے کی کرپشن کی یت۔ریاستی حکومت نے خاتون کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

بھوجپوری سینما نے معاملے پرگانا بنا ڈالا
یہ تنازع سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہے کہ بھوجپوری سنیما جو بنیادی طور پر اپنی بہترین موسیقی کے لئے جانا جاتا ہے اس نے صورتحال پر ایک گانا بنا ڈالا۔اس گانے کا نام جیوتی کے عہدے سے مطابقت کے ساتھ ’بیوفا ایس ڈی ایم جیوتی موریہ‘ رکھا گیا ہے۔ گانا بھوجپوری گلوکار موہت بلوا نے گایا ہے جنہوں نے اس کے بول بھی لکھے ہیں۔اسکی موسیقی سنیل راج نے دی ہے۔گانے میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح عہدہ ملنے کے بعد لوگ بے وفا ہو جاتے ہیں۔

گانے میں مزید پیغام دیا گیا ہے کہ خود کو کسی کے لیے اتنا وقف نہ کریں کہ وہ آپ کو تنہا کردے، آپ کے خاندان کو تباہ کرتے ہوئے معاشرے میں آپ کی ساکھ تباہ کردے۔