بھارت: نچلی ذات کے قبائلی سے وزیراعلیٰ نے پاؤں دھو کر معذرت کرلی

Jul 06, 2023 | 13:49 PM

ایک نیوز: مودی سرکار کے مذہبی رواداری کے دعوے کھوکھلے نکلے۔ نریندر مودی کی اپنی جماعت کے رہنما نے نچلی ذات کے قبائلی پر پیشاب کردیا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ 

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مدھیہ پردیش کی انتظامیہ حرکت میں آئی اور بی جے پی رہنما پرویش شکلا کو قبائلی شخص پر پیشاب کرنے کی غلیظ حرکت پر گرفتار کرلیا اور میڈیکل ٹیسٹ کے لیے نمونے لے لیے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے ملزم کی غیرقانونی تعمیر کو بھی منہدم کردیا ہے۔ 

دوسری جانب مدھیہ پردیش کے ضلع سدھی میں ظلم کا شکار بننے والا قبائلی نوجوان دشمت صبح وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچا۔ جہاں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اس کے پاؤں دھوئے اور معافی بھی مانگی۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے متاثرہ دشمت راوت کے ساتھ بھوپال کے اسمارٹ سٹی پارک کا دورہ کیا اور قبائلی کی عزت افزائی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہاؤس کے لان میں اس کے ہاتھ سے پودا بھی لگوایا۔ 

اس موقع پر وزیراعلی چوہان کا کہنا ہے کہ ہر غریب آدمی بھگوان کا روپ ہے اور دشمت کو بھی وہ بھگوان ہی مانتے ہیں۔

یادرہے  ملزم مبینہ بی جے پی لیڈر پرویش شکلا کو پولیس نے گرفتار کر لیا اور اس کے گھر کو بلڈوز کر دیا گیا۔

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ اس واقعے نے پورے مدھیہ پردیش کا سر شرم سے جھکا دیا۔ کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ نے کہا کہ  پرویش شکلا بی جے پی کا رکن ہے۔

واقعے سے متعلق پرویش کے والد رما کانت نے کہا کہ اس کے بیٹے کو بی جے پی کا رکن ہونے کی وجہ سے سیاسی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں