ایک نیوز: لاہور میں مون سون کی بارشیں زحمت بن گئیں۔ آج ہونے والی بارش سے 2 کچے مکانوں کی چھتیں گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چونگی امرسدھو کے نزدیک کوٹ لکھپت اور ساندہ میں 2 مزید کچے مکانوں کی چھتیں گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ بندیاں والا پل چونگی امرسدھو میں ٹی آر گاڈر سے بنی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
چھت گرنے کا ایک دوسرا واقعہ لاہور کے علاقے ٹوکےوالا چوک راجگڑھ ساندہ میں پیش آیا۔ جہاں گھر کا اگلا حصہ بارش کی وجہ سے نیچے گر گیا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسی طرح ایک واقعہ شدید بارش سے مزنگ ہسپتال انتظار گاہ پر قریبی میرج ہال کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جس میں 11 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ڈی سی لاہور کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی واثق عباس موقع پر پہنچیں۔ جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قریبی میرج ہال کی چھت ہسپتال کی انتظار گاہ پر گرنے سے 11 افراد زخمی ہوئے۔تمام زخمیوں کو گنگا رام ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے اپنے بیان میں بتایا کہ مزنگ ہسپتال سے ملحقہ پنجاب میرج ہال کی چھت انتظار گاہ پر گری۔ غفلت کا مرتکب ہونے والی میرج ہال انتظامیہ اور میرج ہال مالک پر مقدمہ درج ہو گا۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ بارشیں شدید ہیں، شہریوں کے ہرممکن تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
دریں اثناء نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزنگ ٹیچنگ ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر بھی ڈاکٹر جاوید اکرم کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزنگ ٹیچنگ ہسپتال میں شادی ہال کی چھت گرنے کے بعد ملبہ اٹھانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے داخل مریضوں کی عیادت بھی کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مزنگ ٹیچنگ ہسپتال کی چھت نہیں گری بلکہ ساتھ ہی واقع شادی ہال کی چھت ہسپتال کے اندر گری ہے۔ لاہور کے باقی سرکاری ہسپتالوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے گنگارام ہسپتال میں مزنگ ٹیچنگ ہسپتال میں شادی ہال کی چھت گرنے کی ضد میں آنے والے تین سالہ بچے دانیال کی عیادت بھی کی۔ بچے کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے۔ مزنگ ٹیچنگ ہسپتال کے زخمی ہونے والے مریضوں کا علاج گنگارام ہسپتال میں جاری ہے۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر کا اظہار خیال:
نگران وزیراطلاعات نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقہ جات کا دورہ کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 کو امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔