ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس،شعیب شیخ کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت14ستمبر تک ملتوی

Jul 06, 2023 | 12:57 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری سکینڈل میں شعیب احمد شیخ اور رضوان شاہ کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت14ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں زیر سماعت ایگزیکٹ جعلی ڈگری سکینڈل میں ملزمان کی اپیلوں پر سماعت ہوئی ۔ شعیب احمد شیخ اور رضوان شاہ کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران شعیب شیخ اپنے وکیل لطیف کھوسہ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ ایک ہی وقوعے کے دو الگ مقدمات درج کر دیے گئے۔اسلام آباد اور کراچی میں الگ الگ مقدمات درج کئے گئے ہیں،سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں درج مقدمہ خارج کر دیا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ کیا دونوں مقدمات میں الزامات ایک جیسے ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ دونوں مقدمات میں مختلف الزامات ہیں۔ دوسرے مقدمہ کے اندراج کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہاکہ آپکو عدالتی فیصلوں کے ذریعے اپنا موقف عدالت میں پیش کرنا ہے۔لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ فرق یہ ہے کہ سندھ میں تفتیشی نے تسلیم کیا کہ شواہد موجود نہیں۔جج صاحب نے لکھا کہ شور تو بہت مچایا گیا لیکن نکلا کچھ بھی نہیں۔

شعیب شیخ کے خلاف کوئی ایک بھی شخص شکایت لے کر نہیں آیا،  مضمون کی بنیاد پر کراچی اور اسلام آباد میں مقدمات درج کر دیے گئے جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 ستمبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں