ضلع خیبر: دہشتگردوں سے جھڑپ، پاک فوج کا میجر جام شہادت نوش کرگیا

Jul 06, 2023 | 12:21 PM

ایک نیوز: دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک اور افسر مادروطن پر جان نچھاور کرگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے شاخاص میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اپریشن کیا۔ جس کے دوران دہشت گردوں کے فرار کے راستے مسدود کیے جا رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عبداللہ نے دہشت گردوں کے ایک گروپ کا پتہ چلایا۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد میجر میاں عبداللہ شاہ جام شہادت نوش کر گئے۔

میجر عبداللہ شاہ کی عمر 33 سال اور تعلق کوہاٹ سے تھا۔ انہوں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دیگر دہشت گردوں کا پتہ چلانے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزیدخبریں