ایک نیوز:توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چودھری کےخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
سابق وفاقی وزیر فوادچودھری کے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،فواد چودھری کے معاون وکیل نےکیس ملتوی کرنے درخواست کردی۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ کیا فواد چودھری آئے ہیں،فواد چودھری نہ خود آئے ناں ہی استثنیٰ کی درخواست دی۔
اسلام آباد پولیس اہلکار نے کمیشن کو بتایا کہ فواد چودھری کے وارنٹس کی تعمیل کیلئے انکی رہائش گاہ گیا،فواد چودھری کے بھائی فیصل چودھری ملے، انھوں نے کہا ان کےخلاف سیاسی مقدمات ہیں وہ ہمیں بھی نہیں ملے۔
معاون وکیل فواد چودھری نے کہا کہ ہائیکورٹ میں آج الیکشن کمیشن کےوکیل نے دلائل دینے ہیں،کیس ملتوی کردیں کیونکہ ہائیکورٹ ایک 2دن میں فیصلہ کردے گی۔
الیکشن کمیشن نے معاون وکیل فواد چودھری کی استدعا مسترد کرتے ہوئے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس 20جولائی تک ملتوی کردیا گیا۔