ایک نیوز: من پسند افراد کی عہدوں پر تعیناتی کے معاملے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے شریک ملزم مظہر بیگ کو عدالت نے بڑا ریلیف دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں رشوت دیکر من پسند افراد کو عہدوں پر تعینات کرنے کے مقدمہ میں سابق وزیراعلی عثمان بزدار کے شریک ملزم مظہر بیگ کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔
سینئر سپیشل جج اینٹی کرپشن خالد محمد بھٹی نے سماعت کی۔ عدالت نے مظہر بیگ کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ مظہر بیگ کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔
اس پر ملزم کی وکیل نے کہا کہ گرفتاری مطلوب نہیں تو ضمانت کی ضرورت نہیں ہے۔ ملزم کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لینے کی استدعا کی۔ عدالت نے واپس لینے کی بنیاد پر درخواست ضمانت خارج کر دی۔
یاد رہے کہ عثمان بزدار کے شریک ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت کروا رکھی تھی۔ عثمان بزدار اور دیگر پر رشوت دیکر من پسند افراد کو عہدوں پر تعینات کرنے کا الزام ہے۔