ایک نیوز: جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس پر سماعت ہوئی۔ خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد مکمل ہونے پر پولیس نے عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، خدیجہ شاہ، صنم جاوید سمیت دیگر خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 جولائی تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ 9مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر ملک گیر پُرتشدد احتجاج کیا گیا جس میں قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، شرپسندوں نے فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کے کئی رہنما اور کارکنان گرفتار ہیں اور انھیں متعدد مقدمات کا سامنا ہے۔