ایک نیوز:لاہورسمیت پنجاب میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،جس سے جل تھل ایک ہو گیا اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے ہونےاور دیگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے کہیں موسم خوشگوار ہوا تو کہیں بارش آفت ثابت ہوئی،لاہور کے مختلف علاقوں میں ایبٹ روڈ ، ڈیوس روڈ، عبدالکریم روڈ، کینال روڈ، شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بادل برسے، گڑھی شاہو، شالیمار اور باغبانپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ہے، بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے آج ممکنہ بارش کے پیش نظر اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ 8 سے 10 جولائی کے دوران دریائے جہلم، ستلج، راوی اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں بارش کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا، موسلادھار بارش سے جہاں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں وہیں مختلف حادثات میں 7 افراد جان کی بازی بھی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔صوبائی دارالحکومت میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، مذکورہ علاقے میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی۔
گھنٹوں جاری رہنے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والا پانی بعض علاقوں میں اب بھی موجود ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب گزشتہ روز لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے گھنٹوں محروم رہے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔