آزاد خالصتان تحریک، سکھ برادری کا بھارت مخالف ریلیوں کا اعلان

Jul 06, 2023 | 09:53 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز : سکھ برادری آزاد خالصتان کے لیے متحرک ہے، تحریک کی جانب سے 8جولائی کو ہردیپ سنگھ نجر کی یاد میں ریلیوں کےانعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد خالصتان تحریک کے تحت امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد ریلیوں کے اختتام پر بھارتی سفارت خانوں کے باہر جمع ہوں گے۔ریلیوں میں بڑی تعداد میں مظاہرین کی شرکت  کی توقع کی جارہی ہے، آزاد خالصتان ریلیوں سے متعلق اشتہاری پوسٹرز بھی ریلیز کردیے گئے۔ پوسٹرز میں متعلقہ بھارتی سفیروں کو قاتل قرار دیا گیا ہے۔ 

یاد رہے کہ خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر بھارت میں شدید مظاہرے  ہو رہے ہیں۔ بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں سکھ مظاہرین نےبدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ضلعی ہیڈکوارٹر کے باہر بڑا مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ را سکھ رہنماؤں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے۔  مظاہرین نےمطالبہ کیا کہ کینیڈین حکومت ہردیپ سنگھ نجر کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرے۔ہردیپ سنگھ نجر کے قاتل  پردھان منتری مودی،ہوم منسٹر امت شاہ، وزیر خارجہ جے شنکر اور اجیت دوول ہیں۔

ہردیپ سنگھ نجر کو بدنام زمانہ بھارتی ایجنسی را کے قاتلوں نے 18 جون کو کینیڈا میں گردوارے کے باہر قتل کر دیا تھا۔اپریل میں سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے بعد سے بھارت میں آزاد خالصتان تحریک میں شدید اضافہ ہوا ۔رواں سال سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے پر دو مرتبہ سکھ مظاہرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔فروری 2023 میں بھی آسٹریلیا کے شہر برسبین میں 60 ہزار سکھوں نے آزاد خالصتان کے حق میں ووٹ ڈالا تھا۔مارچ 2023 میں لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کی عمارت پر سکھ مظاہرین نے خالصتانی پرچم لہرایا تھا۔مودی کے گزشتہ امریکی دورے پر بھی سکھ مظاہرین اور انسانی و صحافتی حقوق کی تنظیموں نے شدید مظاہرے کیے۔آزاد خالصتان کی زور پکڑتی تحریک پر مودی سرکار شدید دباؤ میں ہے۔

مزیدخبریں