ملک کےمختلف حصوں میں موسلادھاربارش،معمولات زندگی متاثر

ملک کےمختلف حصوں میں موسلادھاربارش،معمولات زندگی متاثر
کیپشن: ملک کےمختلف حصوں میں موسلادھاربارش،معمولات زندگی متاثر

ایک نیوز: خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں آندھی، تیز گرد آلود ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی متاثر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق چمن، شیرانی، قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد بجلی کے کھمبے گر گئے،درخت اکھڑ گئے جبکہ معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث آج سے 08 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان، کوہلو، سبی، بارکھان، ژوب، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اورموسٰی خیل کے پہاڑی علاقوں اور ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

 بلوچستان میں 8 جولائی تک سیاحوں کے پکنک پوائنٹس پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارشوں کے دوران درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔گجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔بھکر میں بھی تیز طوفانی ہواؤں کے باعث گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، دیواریں گر گئیں اور درخت اکھڑ گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، سندھ کے کئی شہروں میں موسم گرم رہا جبکہ آج سے مون سون ہوائیں کراچی کا رخ کریں گی۔