آئی فون 15 سیریز بارے انفارمیشن کا سلسلہ جاری

Jul 06, 2023 | 07:56 AM

ایک نیوز:آئی فون15 سیریز کے بارے میں مزید تفصیلات لیک ہو کر سامنے آئی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز کے ماڈلز ستمبر میں متعارف کرائے جائیں گے مگر ان کے بارے میں لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔
اب ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 15 سیریز کے چاروں ماڈلز پہلے سے زیادہ طاقتور بیٹری سے لیس ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 15 میں 3877 ایم اے ایچ، آئی فون 15 پلس میں 4912 ایم اے ایچ، آئی فون 15 پرو میں 3650 ایم اے ایچ جبکہ آئی فون 15 پرو میکس میں 4852 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہوگی۔
اس کے مقابلے میں آئی فون 14 میں 3279 ایم اے ایچ، آئی فون 14 پلس میں 4323 ایم اے ایچ، آئی فون 14 پرو میں 3200 ایم اے ایچ جبکہ آئی فون 14 پرو میکس میں 4323 ایم اے ایچ بیٹری استعمال کی جا رہی ہے۔
یعنی آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز میں بیٹری پاور کو نمایاں حد تک بڑھایا جا رہا ہے۔
ایپل کی جانب سے آئی فونز کے پراسیسر اور دیگر پہلوؤں پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے مگر بیٹری کے شعبے کو اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس (یا آئی فون 15 الٹرا) کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔
اس سال تمام نئے آئی فونز کے ڈسپلے میں ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن موجود ہوگا جو گزشتہ سال آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود تھا۔
کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔
اسی طرح مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس میں ایپل کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا کیمرا سنسر موجود ہوگا۔
48 میگا پکسل کیمرا سنسر کا حجم 1/1.14 انچ ہوگا جو روشنی کو زیادہ بہتر طریقے سے جذب کرنے کے ساتھ ساتھ باریک تفصیلات بھی محفوظ کر سکے گا۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کیلئے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔
اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔

مزیدخبریں