مرمت کے بعد بھارتی ائیرلائن کا طیارہ کراچی سے روانہ

Jul 06, 2022 | 09:41 AM

JAWAD MALIK
ایک نیوز نیوز: دہلی سے دبئی جاتے ہوئے فنی خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والا بھارتی ایئرلائن کا طیارہ مرمت کے بعد دہلی پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی ہوائی کمپنی اسپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 11 کے زیرِ استعمال بوئنگ 737 میکس 8 طیارے میں گزشتہ روز پاکستان کی فضائی حدود میں رحیم یار خان کے قریب فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔
ہنگامی صورتِ حال میں پائلٹ کے رابطہ کرنے پر کنٹرول ٹاور نے اسے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کراچی لینڈ کرنے کی اجازت دی۔
منگل کی صبح سوا 9 بجے اس پرواز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے انجینئرز نے طیارے کا معائنہ کیا تاہم فوری طور پر نقص دور نہ ہونے کے باعث 4 گھنٹے بعد 132 مسافروں کو جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کردیا گیا تھا۔
مسافروں کو عملے کے 12 ارکان سمیت ممبئی سے آنے والی متبادل پرواز کے ذریعے کراچی میں 12 گھنٹے قیام کے بعد دبئی روانہ کیا گیا۔
بدھ کی صبح 3 بجے پی آئی اے کے انجینئرز نے بھارتی طیارے کا نقص دور کر دیا۔
یہ طیارہ پرواز SG-9922 کے طور پر کراچی سے صبح 3 بج کر 24 منٹ پر ٹیک آف کر گیا اور صبح 5 بج کر 35 منٹ پر دہلی لینڈ کرگیا۔
مزیدخبریں