پاکستان کیخلاف سیریز ، انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 7ارکان کورونا وائرس کا شکار

پاکستان کیخلاف سیریز ، انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 7ارکان کورونا وائرس کا شکار
لندن: عالمی وبا کرونا نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، سات ارکان کا ٹیسٹ مثبت آنے پر پوری ٹیم کو آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ۔

انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ارکان میں کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی اور چار آفیشلز شامل ہیں۔ون ڈے سیریز کے کپتان این مورگن سمیت تین کرکٹرز اور چار آفیشلز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد تمام افراد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملنے والے تمام افراد بھی آئسولیشن میں رہیں گے۔



انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم پر کرونا کے حملے کے باوجود پاکستان کے ساتھ ون ڈے سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، این مورگن کی جگہ بین اسٹوکس انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے تاہم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی جائے گی، جس کا باضابطہ اعلان تھوڑی دیر میں کیا جائے گا۔

ای سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف انگلش اسکواڈ اب آئسولیشن میں چلا گیا ہے، پاکستان کے خلاف ون ڈے میچز کی سیریز کے لئے نئے اسکواڈ کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 8 جولائی سے ہو گا جس میں دونوں ٹیمیں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔تاہم اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف جو اسکواڈ منتخب کیا تھا اس میں کپتان اوئن مورگن (کپتان)، معین علی، جوناتھن بیراسٹرو، ٹام بینٹن، سیم بیلنگز، سیم کرن، ٹام کرن،لیام ڈاسن، جارج گارٹن، لیام لونگ اسٹون، عادل رشید، جو رووٹ، جیسن روئے، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس اور مارک ووڈ شامل تھے۔