ویب ڈیسک:الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابی حلقوں میں عوام کے ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کی ابتدائی فہرست جاری کردی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق انتخابی حلقوں کے حساب سے ابتدائی پولنگ اسٹیشنوں کی لسٹ شائع کردی گئی ہے، ابتدائی پولنگ لسٹ پر حلقے کا ووٹر اور امیدوار اعتراض یا تجویز 11 جنوری تک جمع کرا سکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق 12 سے 17 جنوری کے دوران ڈی آر اوز ان اعتراضات اور تجاویز پر فیصلے دیں گے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی فہرستوں پر دائر اعتراضات پر فیصلوں کے بعد پولنگ اسٹیشنوں کی حتمی فہرست عام انتخابات سے 15 روز قبل ویزاں کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو انتخابات منعقد ہوں گے، عام انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں، مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔