ویب ڈیسک : الیکشن ٹربیونل نے مظفر گڑھ سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار جمشید دستی کی اہلیہ نازیہ دستی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔
ہائی کورٹس کے الیکشن ٹربیونلز میں ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف امیدواروں کی اپیلوں کی سماعتیں جاری ہیں۔ اپیلوں کے فیصلوں میں 4 روز باقی ہیں۔ 10 جنوری تک تمام فیصلے سنادیے جائیں گے۔
ملتان میں سابق ایم این اے جمشید دستی ، انکی اہلیہ نازیہ اور بھتیجے صمد دستی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف دائر 8 اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے جمشید دستی کی اہلیہ نازیہ دستی اور بھتیجے عبدالصمد دستی، لیہ سے تحریک انصاف کے ملک نیاز احمد جکھڑ اور ملک اویس حیدر جکھڑ کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔
جمشید دستی نے این اے 175 اور این اے 176، پی پی 268, پی پی 269 اور پی پی 270 میں کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں جن پر سماعت کل ہوگی۔
ڈیرہ غازی خان سے تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل اوران کے شوہرہمایوں خان کی اپیلیں بھی منظور ہوگئیں اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی۔