ایک نیوز :معروف سابق پاکستانی کرکٹر خالد لطیف نے سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر خالد لطیف کراچی کے علاقے ملیر کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 79سے تحریک لبیک کے امیدوار ہوں گے۔
خالد لطیف نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹرز رول ماڈل ہوتے ہیں ان کو لوگوں کے لیے کام کرنا چاہیے، ملیر کے حالات بہت خراب ہیں، لوگ پریشان ہیں، ملیر پہلے کرکٹ کی نرسری تھا اب وہاں گراؤنڈ بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی طرف بھی جلد واپسی ہوگی، لوگ سمجھتے ہیں ٹی ایل پی صرف مولویوں کی جماعت ہے، الیکشن جب بھی ہوں ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں، ملک میں دین کا نظام چاہتا ہوں جبھی ٹی ایل پی کا انتخاب کیا۔
واضح رہے کہ اپنے جارحانہ انداز سے بین اقوامی کرکٹ میں نام بنانے والے خالد لطیف پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ڈومیسٹک میں کراچی ڈولفنز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔