توشہ خانہ، 190 ملین پاؤنڈ کیس:عمران خان،بشریٰ بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی

توشہ خانہ، 190 ملین پاؤنڈ کیس:عمران خان،بشریٰ بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی
کیپشن: توشہ خانہ، 190 ملین پاؤنڈ کیس:عمران خان،بشریٰ بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی

ایک نیوز: توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل کورٹ روم میں سماعت کی۔نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے توشہ خانہ ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے پر زور دیا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ریفرنس کی نقول کی فراہمی کو 7 روز مکمل ہو چکے ہیں۔

وکیل صفائی نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانتوں پر پہلے فیصلہ کرنے کی استدعا کی۔

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں پہلے سنی جائیں۔

عدالت نے فرد جرم کی کارروائی اور درخواست ضمانتوں پر فیصلے کے لیے 8 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی۔عدالت نے دونوں کیسز کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔

بانی پی ٹی آئی نے عدالت سے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی استداء کی۔ عمران خان کی بچوں سے فون پر بات کرانے کی درخواست منظور ہوگئی۔

دوسری جانب 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں ملک ریاض کی جانب سے انکے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔

فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں تین درخواستیں دائر کیں۔

ایک درخواست ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی دوسری درخواست حاضری سے استثنیٰ کی تھی۔تیسری درخواست ملک ریاض کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی تھی۔

عدالت نے ملک ریاض کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست خارج کردی۔

ویڈیو لنک اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں فاروق ایچ نائیک نے واپس لے لیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک ملزم عدالت میں خود پیش نہیں ہوتا استثنیٰ نہیں دے سکتے۔