ایک نیوز: انتخابات 2024 کے حوالے سے الیکشن مانیٹرنگ آفس نے شہر بھر میں جاری سیاسی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔ کوڈ آف کنڈکٹ کے خلاف کسی بھی سیاسی سرگرمی کے خلاف فی الفور کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اشتہاری مہم کے حوالے سے الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد کروانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حلقہ اور امیدوار کی تفصیلات پر مبنی مانیٹرنگ رپورٹ ایم ون کا بھی روزانہ اجراء کیا جارہا ہے۔
مانیٹرنگ رپورٹ کی روشنی میں متعدد امیدواروں کو نوٹسز جاری کر دیے گئے جبکہ مانیٹرنگ ٹیم کی جانب سے مختلف علاقوں میں لگے تشہیری بینرز ہٹا دیے گئے۔ مانیٹرنگ آفس کی جانب سے این اے 46، این اے 47 اور این اے 48 میں کارروائیاں کی گئی ہیں۔
جہاں مختلف امیدواروں کی جانب سے درختوں اور کھمبوں پر لگے فلیکس اتار دئیے گئے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر رانا محمد وقاص کا کہنا ہے کہ شہر میں الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ کوڈ آف کنڈکٹ کے حوالے سے تمام امیدواروں کو اعتماد میں لیا گیا۔ سیاسی سرگرمیوں کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس سے اجازت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغیر اجازت شہر میں تشہیری مہم کی کسی صورت اجازت نہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں امیدواروں کو نوٹسز جاری کر رہے ہیں۔ امیدواروں سے درخواست ہے کہ الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت ہی مہم چلائی جائے۔