گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں سب سے زیادہ سردی کہاں پڑی؟

Jan 06, 2024 | 12:39 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: بلوچستان میں بارش اور برفباری کےبعد کراچی میں بھی سرد ہوائیں چل پڑی ہیں،سرد ہواؤں کے باعث شہر قائد میں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم از کم درجہ حرارت ساڑھے 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں میں سخت سردی پڑ رہی ہے اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بھی درجہ حرارت گرتا جارہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ گلگت، استور، ہنزہ اور سری نگرمیں منفی 3 ڈگری، دیر میں منفی ایک، کوئٹہ اور قلات صفر، اسلام آباد 3، راولپنڈی، ملتان، سرگودھا، پشاور4 اور لاہور، فیصل آباد، جہلم، سکھر میں 5 ڈگری، نوابشاہ7 اورکراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اےکا کہنا ہے کہ مری ، گلیات اور قرب و جوار میں آج موسم سخت سرد اور خشک رہے گا، جبکہ اتوار کو کہیں کہیں بادل چھائے ہوں گے اور سردی کی لہر برقرار رہے گی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پیر کے روز مری ، گلیات اور قرب و جوار میں ہلکی بارش اور رات کے وقت برف باری کے امکانات ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ منگل کو آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہوں گے جبکہ صبح برف باری کا امکان ہے، بدھ کو موسم سخت سرد اور خشک رہنے کے امکانات ہیں۔

جمعرات کے روز بھی سردی کی شدت برقرار رہے گی اور موسم خشک ہوگا۔

ریلیف کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ مری میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

سندھ میں سردی کی شدت میں اضافہ 
ادھر سندھ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ تعلیم سندھ نےصوبے میں اسکولزکےاوقات کارتبدیل  کردئیے،جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں 31جنوری تک اسکولزصبح8:30 بجےکھلیں گے،فیصلےکا اطلاق تمام سرکاری ونجی اسکولز پرہوگا۔

کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ

کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات اور صبح میں شہر میں سردی برقرار ہے۔شہر قائد میں کم از کم درجہ حرارت 13.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28  ڈگری سینٹی گریڈ جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 60  فیصد ہے،اس وقت ٹھنڈی ہوائیں مشرق سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں،آئندہ چند روز میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔

مزیدخبریں