سینکڑوں پروازیں منسوخ،سردی کی شدت میں مزید اضافہ

Jan 06, 2024 | 11:45 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: لاہور ائرپورٹ پر دھند کے باعث اندرون اور بیرون ملک پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔ جبکہ  پنجاب سمیت ملک کےمختلف علاقوں میں دھند میں کمی کے بعد موٹرویزٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دھند کے باعث لاہور سے الماتے جانے والی پرواز ڈی وی 850 منسوخ کر دی گئی ہے۔

پی آئی اے کی ابوظہبی جانے والی پرواز پی کے 263 ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، پی آئی اے کی لاہور سے مسقط جانے والی پرواز پی کے 291 پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

پی آئی اے کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 283 ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، جبکہ نجف جانے والی پرواز 342 اور پی آئی اے کی کراچی جانے والی پروزایں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

پی آئی اے کی لاہور سے دمام جانے والی پرواز پی کے 247 پانچ گھنٹے اور دوبئی جانے والی پرواز پی کے 235 پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

دوبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 122 گیارہ گھنٹے تاخیر سے پہنچے گی جبکہ نجف سے آنے والی پرواز آئی ایف 341 کی آمد میں بھی تاخیر ہوگی۔

موٹروے مختلف مقام سے کھول دی گئی

دوسری جانب موٹروے M-2 اسلام آباد سے کوٹ مومن،موٹر وے ایم 14 فتح جنگ سے کوٹ بیلیاں تک اور سوات ایکسپریس وے کاٹلنگ سے چکدرہ تک دھند کی شدت میں کمی کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 1 اسلام آباد سے پشاور ،سوات ایکسپریس وے کرنل شیرخان سے کاٹلنگ تک اور ہزارہ ایکسپریس وے برہان سے شاہ مقصود تک شدید دھند کی وجہ سے تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بدستور بند ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے،شہریوں سے درخواست ہے کہ  دھند کہ اوقات  میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے  دھند کے اغاز سے پہلے اپنے منزل مقصود تک پہنچ جائیں،گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور  اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے  زیادہ رکھیں۔سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں،اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

مزیدخبریں