ایک نیوز: نو مئی کے شرپسند واقعات کی ایک اور تہلکہ خیز ویڈیو اور شرپسندی کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نو مئی کو فیصل آباد میں حساس ادارے کی بلڈنگ اور آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹر پر حملے کی ایک اور ہوشربا ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے۔ ویڈیو میں ایک مخصوص سیاسی جماعت کے بلوائیوں کو عمارت پر چڑھنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ شرپسند نعرے بازی کرتے، املاک کو نقصان پہنچاتے اور پتھراؤ کرتے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔ شرپسند ہجوم میں شامل خاتون کو ریاستی اداروں کے خلاف بلوائیوں کو مشتعل کرتے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں سیاسی جماعت کے شرپسند افراد افواج پاکستان سے منسوب بینر کی بےحرمتی اور سائن بورڈ توڑتے نظر آرہے ہیں۔ یہ تمام مناظر مخصوص جماعت کی جانب سے ریاست پاکستان کے خلاف شرانگیزی پھیلانے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں۔
9 مئی کو سیاسی جماعت کی طرف سےکئے گئے اِن ناقابل تردید شرپسندی کے واقعات کو کسی بھی جھوٹ کی آڑ میں نا جھٹلایا جا سکتا ہے اور نا چھپایا جاسکتا ہے۔
کیا ایسے شرپسند عناصر جنہوں نے ریاست پاکستان پر حملہ کیا ہو وہ کسی بھی رعایت کے مستحق ہیں؟