ایک نیوز:ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس نے اب تک امریکا میں کئی زندگیاں بھی بچائی ہیں۔
اب بہت جلد اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے بھی اس سے ملتی جلتی سروس استعمال کرسکیں گے۔لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے دوران کوالکوم کمپنی نے اسنیپ ڈراگون سیٹلائیٹ کا اعلان کیا۔اسنیپ ڈراگون سیٹلائیٹ کا مقصد نئے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں سیٹلائیٹ کمیونیکیشن کے ذریعے ٹو وے میسجز کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس کے لیے کوالکوم نے ایک کمپنی Iridium سے شراکت داری کی ہے جس کے متعدد سیٹلائیٹس زمین کے مدار میں موجود ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ جن اینڈرائیڈ فونز میں یہ سہولت موجود ہوگی، انہیں استعمال کرنے والے صارفین کسی بھی جگہ سے سیٹلائیٹس کے ذریعے میسج بھیج سکیں گے یا موصول کرسکیں گے۔
یعنی اگر کوئی صارف ایسی جگہ ہو جہاں موبائل اور وائی فائی کوریج موجود نہ ہو تو سیٹلائیٹ سروس کے ذریعے ہنگامی حالات میں مدد طلب کرنا ممکن ہوگا۔مگر کوالکوم کا کہنا تھا کہ یہ فیچر صرف ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اسے ہر جگہ استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
اس طرح اینڈرائیڈ فونز میں یہ فیچر ایپل کے آئی فونز کے مقابلے میں زیادہ کارآمد ثابت ہوگا، مگر فی الحال صارفین کو اس کے لیے انتظار کرنا ہوگا کیونکہ ابھی اس کو سپورٹ کرنے والے فونز دستیاب نہیں۔