ایک نیوز: جنیوا کانفرنس کا ایجنڈا تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان سیلاب کی صورتحال اور نقصانات کا معاملہ کانفرنس میں رکھےگا اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے فنڈز کا مطالبہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو جنیوا کے لیے روانہ ہوں گے اور بڑے سرکاری وفد کے ہمراہ جنیوا کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ان کے ہمراہ خزانہ، پلاننگ، اطلاعات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزرا کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی مشاورت سے جنیوا کانفرنس کا ایجنڈا تیار کر لیا گیا ہے۔جس کے تحت پاکستان سیلاب کی صورتحال اور نقصانات کا معاملہ کانفرنس میں رکھےگا۔سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے فنڈز کا مطالبہ کیا جائے گا۔ پاکستان کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ممالک کی مدد کے لیے فنڈز کا مطالبہ کرے گا۔موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں آنے والے ممالک کے مسائل عالمی برادری کے سامنے رکھے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی جنیوا میں سرکاری مصروفیات کے ساتھ ساتھ سیاسی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں اور ان کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔