ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سب کے سامنے آرہا ہے کہ جنرل(ر) باجوہ نےعمران خان کی کس طرح مدد کی ۔
تفصیلات کےمطابق ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے کس طرح عمران خان کی مدد کی وہ سب سامنے آ رہا ہے۔ عمران خان سے بڑا منافق اور محسن کش شخص نہیں دیکھا، عمران خان کے کرتوت سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ساری کاوشیں جھونک دیں تاکہ عمران خان کامیاب ہو، جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے کوشش کی کہ عمران خان کے ذریعے پاکستان آگے بڑھے لیکن بطور وزیراعظم عمران خان ناکام ثابت ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے عمران خان کو مسند اقتدار پر بٹھایا ان پر ہی عمران خان الزامات لگا رہا ہے، آج عمران خان جنرل باجوہ کے لیےکیا الفاظ استعمال کر رہے ہیں؟ گالم گلوچ میں عمران خان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، عمران خان نے پاکستان کے معاشرے کو تباہ کر دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض کیا اور سی پیک کا جنازہ نکال دیا، عمران نیازی نے چینی کمپنیوں پر کرپشن کے الزامات لگائے جس پر چین ناراض ہوا۔پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا گیا معاہدہ توڑا اور پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن ہم نے بڑی محنت کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، دوست ممالک نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر سے کہا کہ ہم پاکستانی عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر نے کہا اپنا وفد بھیجیں گے تاکہ پاکستان کو اگلی قسط مل سکے۔