ایک نیوز:سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان نے 13 پارٹیوں کی سیاست دفن کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نےلال حویلی کے باہر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال میں لال حویلی سے پہلا خطاب کررہا ہوں،آٹا، چینی،گھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکا ہے،وزیر خارجہ سے متعلق افغانی بھی کہہ رہے ہیں یہ ٹِک ٹاکر کہاں سے آگئی۔اگر یہ اسمبلیاں تحلیل نہ ہوئیں تو اپنے ممبرز کو اسمبلیوں سے واپس بلایا جائے گا، آج کا نوجوان، آج کی قومی اور بین الاقوامی سیاست عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان نے کہا ایسی اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے جہاں چور، ڈاکو، لٹیرے بیٹھے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو حکومت سے اسلئے نکالا گیا تاکہ ان کرائے کے لوگوں سے کام لیا جائے،انہوں نے عمران خان کی جان لینا چاہی،یہ کہتے ہیں عمران خان کو گولیاں تو نہیں لگی پھر کیا تمہارے باپ کے پٹاخے چلے تھے،میری عمران خان سے کل پچیس تیس منٹ ملاقات ہوئی ہے۔ عمران خان نے کہا ہے اسمبلیوں کو تحلیل کرینگے۔دعا کریں اللہ ان چوروں اور ڈاکوؤں سے نجات دلائے۔گداگروں کو پاکستان کی کوئی فکر نہیں۔میری بات یاد رکھ لیں الیکشن ہونگے الیکشن ہونگے الیکشن ہونگے۔
دوسری جانب شیخ رشیدنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے عدالت میں پٹیشن ڈالی ہے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے۔عوامی مسلم لیگ عمران خان کے ساتھ ملکر انتخاب لڑے گی۔مقتول ارشد شریف کا کیس سپریم کورٹ میں زندہ ہوچکا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا ہے کہ وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ کے بیانات سے اندرونی خطرات جنم لے چکے ہیں۔معاشی حالات پہلے ہی خراب ہیں ایسے بیانات سے ملک کے اندر مزید حالات خراب ہونگے۔آرمی چیف نے خود کہا ہے ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔معاشی اور قومی سلامتی اہم ہے میرا خیال ہے ہم الیکشن کی طرف جارہے ہیں۔پانچ اپریل سے پہلے پہلے الیکشن شیڈول آجائے گا۔حیرانی ہے بلاول بھٹو کو بڑا لیڈر بننے کے شوق میں ایسے بیانات دے رہا ہے وہ خود کھائی میں گرے گا۔معیشت کی کشتی ڈھاواں ڈھول ہے گلی چوراہوں میں لوٹ مچی ہوئی ہے۔