ایک نیوز: جہانگیر ترین کو لاہور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، عدالت نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی زمین کے انتقال کی منسوخی کے خلاف درخواست کی سینئر بورڈ آف ریونیو کو منتقلی روک دی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی زمین کے انتقال کی منسوخی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
جہانگیر ترین کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے دلائل دیے کہ ان کے مؤکل کی رحیم یار خان میں جے ڈبلیو ڈی شوگر ملز کی 600 کنال اراضی کا انتقال سیاسی دباؤ پر منسوخ کر دیا گیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رحیم یارخان نے جہانگیر ترین کی انتقال بحالی کی درخواست منظور کرلی، اب درخواست کو کسی قانونی جواز کے بغیر دوسرے فورم پر منتقل کر دیا گیا۔
جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ درخواست کی منتقلی قانونی طریقہ کار سے ہٹ کر کی گئی، عدالت اراضی کے انتقال کی بحالی کی درخواست متعلقہ فورم کو واپس بھجوانے کا حکم دے۔
عدالت نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔